تعلیمی وسائل سے محروم بچوں کیلئے روشن مستقبل کی ضمانت، کوالٹی ایجوکیشن کا مثالی ادارہ،
دینہ کے تعلیمی اُفق پر جگمگاتا ستارہ ۔۔۔۔ مسلم ہینڈز ماڈل سکول دینہ
تحریر: محمد الیاس کھوکھر
انسان سازی انبیاء اور اولیاء کا مشن ہے۔ انسان کے وجود میں خدا نے بے پناہ صلاحتیں رکھی ہیں جسے تعلیم کے ذریعے کمال تک پہنچانے کیلئے خدا نے انبیاء کو مبعوث کیا۔فرد سے لیکر معاشرے تک کو کمال کی منزل تک پہنچانے کیلئے ماحول، والدین اور اساتذہ کا بڑا کردار ہے جس کیلئے صرف تعلیم ہی کی نہیں بلکہ عملی تربیت کی بھی ضرورت ہے اسی مشن کو پایہ ء تکمیل تک پہنچانے کیلئے دینہ شہر میں مسلم ہینڈز (انٹرنیشنل) کے زیر اہتمام مسلم ہینڈز ماڈل پرائمری سکول منگلا روڈ دینہ اور مسلم ہینڈز ماڈل مڈل سکول موضع کرُلہ(دینہ) کے نام سے دو ادارے پچھلی ڈیڑھ دہائی سے مصروف عمل ہیں۔اس ادارہ نے مختصر عرصہ میں اپنے شہر اور اپنے ضلع میں منفرد شناخت بنائی ہے جس مقام تک پہنچنے کیلئے ایسے اداروں کو ایک لمبے عرصہ کی ضرورت ہوتی ہے۔
گزشتہ ہفتے مسلم ہینڈز ماڈل پرائمری سکول منگلا روڈ (شاندار بیکری والی گلی)دینہ میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر مسلم ہینڈز انٹرنیشنل NGO کے تحت ادارہ ہذا میں زیر تعلیم نرسری تا کلاس پنجم کے یتیم و غریب طلبہ و طالبات میں درسی کتب و کاپیاں، سکول بیگز، شوزاور یونیفارم پر مشتمل مکمل سیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں ادارہ کے ایریا مینجرممتاز ٹیچر و مذہبی اسکالر محمد فضل حق کے علاوہ دینہ کے معروف سیاسی و سماجی راہنماء سابق چیئر مین بلدیہ دینہ میاں عنصر مرحوم کے فرزند میاں ریحان عنصر، جنرل کونسلر ہڈالہ سیداں حاجی سید تفسیر حسین شاہ اور ممتاز سماجی و کاروباری شخصیت سید اعجاز حسین شاہ آف ہڈالہ سیداں مہمانانِ خصوصی تھے جبکہ ادارہ کی پرنسپل محترمہ سمیرا ریاض، ٹیچر انچارج اسلامک اسٹڈیز حافظ سید حامد علی شاہ، خواتین سٹاف ٹیچرز اور علاقہ کی مقامی،سماجی و مخیر خواتین سمیت طلباء و طالبات نے شرکت کی اس موقعہ پر ایریا مینجر محمد فضل حق نے ادارہ کے قیام اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ تحصیل دینہ میں پچھلے 15سال سے مسلم ہینڈز ماڈل سکول کے نام سے یتیم اور غریب بچوں کی معیاری تعلیم کیلئے دو ادارے کام کر رہے ہیں جس میں دینہ برانچ اور موضع کرُلہ برانچ شامل ہیں۔ دینہ برانچ میں نرسری سے لیکر پنجم کلاسز تک جبکہ کرُلہ برانچ میں مڈل کلاسز کی تعلیم دی جا رہی ہے جہاں علاقہ کے یتیم اور غریب طلبہ و طالبات کیلئے داخلے سے لیکر درسی کتب و کاپیاں، ربڑ، پنسل، پین، سکول بیگز، شوزاور یونیفارم تک تمام سہولیات اسی ادارے سے مفت فراہم کی جاتی ہیں جبکہ بچوں کو تعلیم، ٹرانسپورٹ، لنچ، میڈیکل چیک اپ سمیت تمام سہولتیں بھی ادارہ کی طرف سے مفت میسر ہیں۔ کلاس رومز میں جنریٹر و یو پی ایس کی سہولت بھی موجود ہے۔
یہ ادارہ انفراسٹرکچر کے لحاظ سے مکمل اور معیاری تعلیمی ادارہ ہے جہاں بچوں کو بی اے بی ایڈوایم اے کوالیفائیڈ اساتذہ کی زیر نگرانی بہترین اسلامی ماحول، قرآن مجید ناظرہ، تجوید و قرآت اور کمپیوٹر لیب کے ساتھ بہترین تعلیم و تربیت کا انتظام موجود ہے جہاں یتیم اور غریب بچوں کے علاوہ ادارہ کے معیار سے متاثر ہوکر ماہانہ سکول فیس ادا کرنے والے بچے بھی اس سکول میں داخلے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس وقت دینہ برانچ میں 150سے زائد جبکہ کرُلہ برانچ میں 250سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ اس ادارے میں تعلیمی نصاب کا معیار ضلع کے دیگر صف اوّل کے تعلیمی اداروں کے مقابلہ میں کوالٹی ایجوکیشن کا حامل ہے جس سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ادارہ کے بچے ہر سال ضلع بھر میں سالانہ امتحانات کے نتائج میں ہمیشہ پہلی چند پوزیشنز کی فہرست میں نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود شاندار نتائج ادارہ کی پہچان بن چکے ہیں۔ ہر سال تقریباً 100 یتیم بچوں کوپرائمری و مڈل تعلیم مکمل ہونے پر مزید اعلیٰ تعلیم کے ذریعے آگے اداروں میں بھجوایا جاتا ہے۔ ادارہ میں ماہانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے اخراجات خدمت خلق کے مشن کے تحت مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام مخلص اور مخیر حضرات کے مالی تعاون سے پورے کیے جاتے ہیں۔ ایک بچے کی تعلیمی KIT پر پانچ ہزار روپے اوسطاً خرچہ آتا ہے۔ دینہ برانچ میں پرائمری تعلیم کی تکمیل کے بعدبچوں کو مڈل کلاسز کیلئے کرُلہ برانچ میں بھیج دیا جاتا ہے اور مڈل کلاسزکی تکمیل کے بعد بچوں کو وزیر آباد کیمپس میں بھجوا دیا جاتا ہے۔ جبکہ ہر طالب علم کو تعلیم مکمل ہونے پر 7,200روپے نقد بطور وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ محمد فضل حق نے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میں ناخواندگی کا وائرس ڈینگی وائرس سے بھی زیادہ خطرناک ہے چنانچہ علاقہ کے ایسے یتیم اور غریب بچوں کی تعلیم کیلئے ہمارے ادارہ کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں جو محض تعلیمی اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے حصول تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔ ہم ان بچوں کو اپنے ادارہ میں داخلہ دے کر نہ صرف ان کی اسلامی و عصری مفت تعلیم کا بندوبست کریں گے بلکہ ایسے بچوں کی راہنمائی کرے والے افراد کے بھی ممنون و مشکور ہوں گے۔ انھوں نے ادارہ میں بچوں کیلئے جاری نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی مسلم معاشرے میں ہر فرد کا فریضہ ہے۔ خدمت خلق کے اسی مشن کے تحت یہ ادرہ اور ادارہ کے ساتھ تعاون کرنے والے افراد اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں تاہم اس فلاحی پراجیکٹ میں مزیدبہتری لانے کیلئے علاقہ کے صاحب ثروت و مخیر افراد کا مالی تعاون دنیا و آخرت میں اجر عظیم کا باعث اور صدقہء جاریہ ہے۔ ہر شخص کو اس میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔دوران تقریب 40طلباء و طالبات میں کتب، کاپیاں، سکول بیگز، شوز اور یونیفارم پر مشتمل مکمل سیٹ تقسیم کیے گئے۔ اس موقعہ پر ایریا مینجر محمد فضل حق کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے سماجی کارکن سید اعجاز حسین شاہ اور میاں ریحان عنصر نے ادارہ کیلئے پانچ، پانچ ہزار روپے نقد عطیات دیے جبکہ میاں ریحان عنصر نے آئندہ بھی ادارہ کیلئے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق میرے آباؤ اجداد کا مشن ہے لہٰذااس بے لوث مشن کیلئے میری خدمات ہر وقت حاضر ہیں۔آخر میں سکول کے سٹاف سمیت ایریا مینجر محمد فضل حق نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک ملت کی ترقی کیلئے دعا بھی کروائی۔
Load/Hide Comments