میاں محمد بخش ٹرسٹ۔۔۔۔۔لوگوں کے لیے ایک نعمت
صحت، تعلیم اور سماجی بہبود ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن ہمارے معاشرے میں بہت سی وجوہات کی بنا پر ایسا نہیں ہے۔ اسکی بڑی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ وسائل او ر سہولتوں کی عدم دستیابی ہے۔ پاکستان میں زندگی کے مختلف شعبہ جات میں درد دل رکھنے والے لوگ انسانیت کی خدمت کے لیے بہت کچھ کر رہے ہیں لیکن علاج معالجہ، تعلیم اور سماجی بہبود کے میدان میں ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔
میاں محمد بخش ٹرسٹ دھنیالہ تحصیل دینہ کا قیام انہی مقاصد کے حصول کے لیے معرض وجود میں لایا گیا۔ آج سے 12برس پہلے جو سفرنہایت محدود وسائل لیکن وسیع تناظر کے ساتھ شروع کیا گیا تھا مقام شکر ہے کہ وہ آج منزل آشنا ہو چکا ہے۔ اس عرصے میں میاں محمد بخش ٹرسٹ مسلسل خدمت خلق کے عمل میں مصروف رہا اور تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کیلیے اپنی مساعی کو جاری رکھا۔ اس حوالے سے حال ہی میں جن تقریبات کا اہتمام کیا گیا ان کی تفصیل یہ ہے۔
حکومت جاپان کی جانب سے ڈیجیٹل ایکسرے اور کلر ڈوپلر کی فراہمی:
7 فروری2018 کو اسلام آباد میں جاپانی سفارت خانے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حکومت جاپان کی جانب سے میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کے لیے ڈیجیٹل ایکسرے اور کلر ڈوپلر کا گراں قدر عطیہ دیا گیا ، اس موقع پر جاپان کے سفیر تکاشی کرائی اور میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال کے چئیرمین مشتاق حسین برگٹ کے درمیان بخش ہسپتال کے لیے طبی سازو سامان کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔
فری سرجیکل اور میڈیکل کیمپ:
ضلع جہلم کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد کے تعاون سے میاں محمد بخش ٹرسٹ کے زیر اہتمام بخش ہسپتال میں بچوں کے جملہ پیدائشی نقائص و امراض کے لیے فری سرجیکل اینڈ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور خصوصی دعا سے کیا گیا۔یہ کثیر المقاصد کیمپ صبح 9:30بجے سے بلا تعطل سہ پہر4 بجے تک جاری رہا۔ اس کیمپ میں کل104 مریضوں کا معائنہ کیا گیا جو گردے، مثانے، پیشاب کی نالی کے نقائص،آنتوں کی بندش، پاخانے کے راستے پیدائشی نقائص اور خوراک کی نالی کے نقائص میں مبتلا تھے۔سربراہ شعبہ سرجری بچگان، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد چوہدری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بچوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ جن میں سے 28 ایسے بچوں اور بچیوں کا انتخاب کیا گیا جن کے ہونٹ اور تالو کٹے ہوئے تھے یا پا ؤں پیدائشی طور پر ٹیڑھے تھے۔ ان کو سرجری کے لیے پمز ہسپتال اسلام آباد کے لیے رجسٹرڈ کیا گیا۔ڈاکٹر امجد چوہدری نے کہاان منتخب شدہ بچوں میں سے ہر ہفتے دو بچوں کا پمز ہسپتال میں آپریشن ہو گا اور اسی طرح کا اگلا کیمپ 14 ہفتے بعد میاں محمد بخش ہسپتال میں منعقد کیا جائے گا۔ اس موقع پر میاں محمد بخش ٹرسٹ کے چیئرمین مشتاق حسین برگٹ، جنرل منیجر عاصم خوشنود اور ٹرسٹی بریگیڈیر ڈاکٹر شاہد محمود نے تمام شرکا کاشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ٹرسٹ نے جہلم فورم یو کے کے سینئر ممبر جمیل بھٹی اور نائب صدر فرخ صدیق کو بخش ہسپتا ل کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کروایا۔
لارڈ نذیر احمد کی میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال میں آمد:
10 اپریل 2018 کو برطانیہ کے ہاوس آف لارڈز کے مستقل ممبر پاکستانی نڑاد لارڈ نذیر احمد نے میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر فری الٹر ساونڈ اور گائنی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔لارڈ نذیراحمد دنیا بھر میں چیریٹی پروگراموں کی سپورٹ کے لیے اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ وہ اپنے بیٹے احمر نذیر، جہلم سے تعلق رکھنے والی برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری افضال محمود، عمر فاروق اور عمر راجہ کے ہمراہ تشریف لائے۔ اسلام آباد سے سابق انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد خالد قریشی، رامادا ہوٹل اسلام آباد کے منیجنگ ڈائریکٹر چوہدری ریاض احمد، جہلم کے معروف سماجی کارکن، لائنز کلب کے سابق گورنر وائس چئیرمین کنٹونمنٹ بورڈ راجہ واجد اور جہلم کی ہر دلعزیز شخصیت اشرف چغتائی نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی کا استقبال میاں محمد بخش ٹرسٹکے چئیرمین مشتاق حسین برگٹ، وائس چئیرمین بریگیڈئیر ڈاکٹر شاہد محمود، کنسلٹنٹ گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شہزانہ امتیاز، ممبران بورڈ چوہدری غلام احمد زمرد، چوہدری خادم حسین اور بخش ہسپتال کے ڈاکٹروں اور عملہ نے کیا۔ لارڈ نذیر کو ایمرجنسی، او پی ڈی، گائنی وارڈ اور پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کا معائنہ کرایا گیا۔ ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ایک مختصر بریفنگ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں بریگیڈیر شاہد محمود نے بخش ہسپتال سے فراہم کی جانیوالی سروسز کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال اور ٹرسٹ کے دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے ایک ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا کہ انہوں نے مختلف ذرائع سے میاں محمد بخش ٹرسٹ ہسپتال کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا تھا لیکن ٹرسٹ کا یہ کارنامہ اس علاقے کے لیے اور خاص پور پر جہلم، دینہ، منگلا اور میر پور کے لیے ایک معجزہ سے کم نہیں ہے۔ یہاں کی ہر چیز سٹیٹ آف دی آرٹ ہے۔ سارے ٹرسٹیزاور وہ لوگ جنہوں نے اس منصوبہ کی تکمیل میں مددکی، مبارکباد کے مستحق ہیں۔ لارڈ نذیر احمد نے چئیرمین ٹرسٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ جب آپ فنڈ ریزنگ کے لیے انگلینڈ آئیں تو میں دامے درمے سخنے آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہوں گا اور اس امرکی گواہی دوں گا کہ میں خود اس منصوبہ کو دیکھ کر آیا ہوں۔ آخر میں چئیرمین ٹرسٹ مشتاق برگٹ نے لارڈ نذیر احمد اور دیگر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔