میونسپل کمیٹی دینہ کی ناقص کارکردگی

جہلم(عمران جاوید)میونسپل کمیٹی دینہ کی ناقص کارکردگی دینہ شہر مسائل کی آماجگاہ،مین چوک دینہ سے ٹریفک انٹری ایک دفعہ پھر بند،قبضہ مافیانے روڈ بلاک کرکے ٹریفک جام کردی۔تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی دینہ کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے دینہ شہر مسائل کی آماجگاہ بنا ہواہے جگہ جگہ ریڑھی بانوں نے اپنے قبضے جما لیے،دینہ چوک کی مین انٹری کو مکمل بندکرکے ٹریفک کو شدیدمشکلات کا شکار کردیا،جبکہ میونسپل کمیٹی دینہ خاموش تماشائی بن کر رہ گئی چیئرمین میاں محمد عاشق کے دینہ کوماڈل سٹی بنانے کے دعوے دھرے رہ گئے نہ تو صفائی کا نظام بہترہوسکااورنہ ہی گلی،محلوں میں نکاسی آب کا نظام بہترہوسکا،سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے سرِشام ہی جرائم پیشہ افراد متحرک ہوجاتے ہیں لوگوں نے کروڑوں روپے لگاکر پلازے اوردوکانیں بنارکھی ہیں جن کے آگے قبضہ مافیا اپنی ریڑھیاں اور ٹھیے لگا کراُن کے کاروبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں چیئرمین میاں محمدعاشق نے ریڑھی بانوں کو متبادل جگہ دینے کاوعدہ ابھی تک وفانہ ہوسکا،میونسپل کمیٹی دینہ کا ٹاؤٹ مافیا صرف دیہاڑی لگانے میں مصروف رہتاہے اپنے اپنے من پسند افرادکی ریڑھیاں اورٹھیے من پسندجگہوں پرلگواکر پیسے وصول کررہے ہیں اُن کواس بات سے کوئی غرض نہیں کہ ہماری اس حرکت سے کسی کو کتنی تکلیف پہنچ رہی ہے منگلاروڈ پر ٹریفک کاجام رہنا دراصل یہی وجہ ہے کئی بار متوجہ کرانے کے باوجودبھی ریڑھی بانوں اوررکشہ اسٹینڈوں کو کوئی معقول جگہ نہ دے سکناایک المیہ ہے اگر فوری طور پر دینہ شہر کے ان مسائل کوحل نہ کیاگیا تو مزید پریشانیوں کاسامنا کرناپڑسکتاہے دینہ کی عوام کی اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ اس سال ان مسائل سے جان چھوڑائی جائے تاکہ شہردینہ امن کاگہوارہ بن سکے۔

Share on FacebookTweet about this on TwitterShare on Google+