صحت عامہ میں بہتری حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے،ماہانہ 15000 سے زائد مریض سول ہسپتال جہلم سے مستفید ہو رہے ہیں ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان

جہلم(عمران جاوید) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ڈی ایچ کیو جہلم کو ماڈل ہسپتال بنانے کیلئے مزید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، صحت عامہ میں بہتری حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے،ماہانہ 15000 سے زائد مریض سول ہسپتال جہلم سے مستفید ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے سول ہسپتال جہلم میں اجلاس کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مریضوں کا رجسٹریشن کاؤنٹر، نرسنگ کاؤنٹر، فلٹر کلینک، کنسلٹنٹ ڈیسک اور نیا او پی ڈی بلاک تعمیرکیا جائے گا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال تمام وارڈذ میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر خالد محمود کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اقبال حسین خان نے کہاکہ صحت اور تعلیم وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی ترجیحات میں شامل ہیں اور ان اہم شعبوں میں مزید بہتری لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ صحت کے شعبہ میں ڈاکٹروں اور دیگر عملہ پر اہم ذمہ داریاں عائد ہیں۔ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے ایمرجنسی بلاک میں ویٹنگ روم، پیڈ زوارڈ، ایکسرے روم، سی ٹی سکین، لیبارٹری، برن یونٹ اور جنرل وارڈذ کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس کے علاج کے لئے حکومت پنجاب نے 20 ارب روپے کی لاگت سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کے تحت لاہور اورقصور کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر جہلم میں ہیپاٹائٹس ٹریٹمنٹ اینڈ پریونشن سینٹر کا قیام کیا ہے، جہاں مریض جدید ترین علاج کی سہولیات سے آراستہ ہو رہے ہیں، ہپا ٹائٹس سی کی دوائی مریضوں کو ٹی سی ایس کے ذریعے ان کے گھروں تک پہنچانے اور 24/7ہسپتال میں ڈاکٹر ز کی حاضری یقینی طور پر انقلابی اقدامات ہیں۔

Share on FacebookTweet about this on TwitterShare on Google+